logo

اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی ایوارڈز اور اسکیموں کے لیے درخواستیں طلب

م
ممبئی: مہاراشٹر حکومت کے محکمہ اقلیتی ترقی کے تحت کام کرنے والی مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی نے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سال 2025 کے مختلف ایوارڈز اور اسکیموں کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اس ضمن میں اکیڈمی کی جانب سے سرکاری اشتہار جاری کیا گیا ہے۔
جاری اطلاع کے مطابق اردو ادب، صحافت، تدریس اور تصنیف کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو مختلف زمروں میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔ ان میں مرزا غالب اردو ایوارڈ، ریاستی اردو ایوارڈ، نوجوان ادیب و شاعر ایوارڈ، اردو صحافت ایوارڈ، لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، تدریسی ایوارڈ، خصوصی ایوارڈ اور کتابوں پر ایوارڈ شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی اردو اکیڈمی کی مختلف اسکیموں کے تحت مسودوں کی اشاعت کے لیے جزوی مالی معاونت، اردو ریسرچ فیلوشپ اور اسکولوں میں اردو کے فروغ کے لیے پروگرام گرانٹ کے لیے بھی درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔
اکیڈمی نے واضح کیا ہے کہ تمام درخواستیں مقررہ فارمیٹ میں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کرانا ضروری ہے۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 مارچ 2025، شام 5 بجے مقرر کی گئی ہے۔ مقررہ تاریخ کے بعد موصول ہونے والی درخواستوں پر غور نہیں کیا جائے گا۔
درخواست فارم اور مزید تفصیلات مہاراشٹر اسٹیٹ اردو اکیڈمی کی سرکاری ویب سائٹ msusa.maharashtra.gov.in پر دستیاب ہیں۔ اکیڈمی نے اہل ادیبوں، صحافیوں، اساتذہ اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔

67
1709 views