logo

حیدرآباد سے اسد الدین اویسی کی لگاتار پانچویں بار کامیابی

حیدرآباد 5 جون (اردو نیوزمحسن خلیلی) رکن پارلیمنٹ حیدرآباد وصدر مجلس اتحاد المسلمین بیرسٹر اسدالدین اویسی نے حلقہ پارلیمان حیدرآباد سے پانچویں مرتبہ جملہ6 لاکھ 61ہزار 981 ووٹ حاصل کرکے 3لاکھ 38 ہزار87 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی اور اپنی قریبی حریف بی جے پی امیدوار مادھوی لتا کو شکست سے دو چار کیا ۔بیرسٹر اویسی نے جو 2004 میں پہلی مرتبہ پارلیمنٹ کیلئے منتخب ہوئے تھے بتدریج اپنی اکثریت میں اضافہ درج کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی ۔2004 میں پہلی مرتبہ 1لاکھ ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی ۔ 2009 میں انہوں نے 3لاکھ 8 ہزار 61 ووٹ حاصل کئے تھے اور 1 لاکھ 13 ہزار سے زائد ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 2014 میں بیرسٹر اویسی نے جملہ 5 لاکھ 13 ہزار 868 ووٹ حاصل کرکے 2لاکھ 2ہزار 454 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔2019 میں بیرسٹراویسی نے 5 لاکھ 17 ہزار 471 ووٹ حاصل کرکے 2لاکھ 82 ہزار 187 ووٹوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی کا ریکارڈ بنایا تھا اور اس بار انہو ں نے ریکارڈ توڑ 6 لاکھ 61 ہزار 981 ووٹ حاصل کئے اور 3لاکھ 38 ہزار 87 کی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی ۔مادھوی لتا نے حلقہ حیدرآباد میں اب تک کسی بھی بی جے پی امیدوار سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور انہیں 3لاکھ 23 ہزار 894 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ تیسرے نمبر پر کانگریس امیدوار ولی اللہ سمیر نے 62ہزار962 ووٹ حاصل کئے اور بی آر ایس امیدوار جی سرینواس یادو کو 18ہزار641 ووٹ حاصل ہوئے ۔

5
3104 views