
پونے میں ریاستی تعلیمی سیمینار اور مثالی معلم ایوارڈ تقریب کا شاندار انعقاد
پونے:
آل انڈیا اردو ٹیچرز آرگنائزیشن® کی جانب سے پونے میں ریاستی تعلیمی سیمینار اور مثالی معلم ایوارڈ کی باوقار تقریب کامیابی کے ساتھ منعقد ہوئی۔ سیمینار کی صدارت محترمہ عابدہ انعامدار صاحبہ، چیئرمین ایم سی ای سوسائٹی نے کی۔
تقریب کے خصوصی مہمان نوید الحق صاحب، اسپیشل آفیسر اردو بال بھارتی تھے، جبکہ پونے کالج کے وائس پرنسپل موئین الدین فلاحی، تنظیم کے صدر الحاج الدین فاروقی بھی اس موقع پر موجود رہے۔
ایوارڈ پروگرام کی صدارت مہاراشٹر مسلم کانفرنس کے صدر حاجی زبیر میمن صاحب نے کی۔ اس موقع پر کونڈھوا کے کارپوریٹر ایڈووکیٹ غفور پٹھان صاحب، تنظیم کے صدر الحاج الدین فاروقی، سیکریٹری عبدالسلام انعامدار، عادل پبلیکیشن کے کامل شیخ سمیت دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔
اس تقریب میں ریاست کے تمام اضلاع سے ایک ایک معلم کو مثالی خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ سات تعلیمی اداروں کو بھی ایوارڈ دیے گئے۔ اسی طرح صحافت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سات رپورٹرز کو تنظیم کی جانب سے اعزازات پیش کیے گئے۔
یہ یک روزہ سیمینار صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا، جس میں ریاست کے مختلف اضلاع سے تنظیم کے 400 سے زائد شرکاء نے شرکت کی۔
تقریب کا مقصد اردو تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی حوصلہ افزائی اور تعلیمی و صحافتی خدمات کو سراہنا تھا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔